امبار اتمان خیل چارگلی میں سید خان کور کے درمیان پرانی زمین کا تنازع جرگے کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا

جمعرات 28 اگست 2025 19:55

غلنئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)ضلع مہمند تحصیل امبار اتمان خیل چارگلی میں سید خان کور کے درمیان پرانی زمین کے تنازعے کو ایک جرگے کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔اس صلح کے سلسلے میں آج امبار چارگلی میں ایک بڑی نشست منعقد ہوئی، جس میں علاقے کے مشران اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ایک فریق کی جانب سے ملک شاہ جہان، حمید خان اور عرب خان شامل تھے جبکہ دوسرے فریق کی نمائندگی حاجی سبزمین خان، حاجی میرزالی خان اور حاجی محمد شریف کر رہے تھے۔

حاجی سبزمین خان نے پشتون روایات کے مطابق لوی کور پرنانواتی کی جو عزت و وقار کی ایک علامتی اور باوقار روایت ہے۔دونوں فریقین نے نیک محمد، اقبال اور لازمین خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ سازی کا اختیار انہیں دے دیا۔

(جاری ہے)

طویل غور و فکر اور مشاورت کے بعد جرگے نے منصفانہ فیصلہ سنایا، جسے دونوں فریقین نے خوشی اور رضا مندی سے قبول کر لیا۔

یہ جرگہ نہ صرف ایک پرانا تنازعہ ختم کرنے کا باعث بنا بلکہ بھائی چارے، امن اور اسلامی اخوت کا بھی عملی پیغام ثابت ہوا۔شرکائے جرگہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صلح اور اتفاق اسلام کا بنیادی اصول ہے۔ قرآن و حدیث میں بار بار مسلمانوں کو اتحاد، محبت اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں جب مسلمان فرقوں، قبیلوں اور ذاتی مفادات پر بٹ چکے ہیں، تو صلح جرگہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔شرکا نے مزید کہا کہ یہ عمل نہ صرف دشمنی اور نفرت کو ختم کرتا ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے امن و سکون کی ضمانت اور اسلامی اخوت کو زندہ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :