;صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر و مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی کی قیادت میں وفد نے صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی

جمعرات 28 اگست 2025 20:10

ٰکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر و مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی کی قیادت میں وفد نے صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر محکمہ لیبر و مین پاور سردار غلام رسول عمرانی نے کہا کہ موجودہ کاشتکاری سیزن میں پانی کی شدید کمی کے باعث کسانوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، لہذا کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں۔

وفد نے صوبائی وزیر آبپاشی کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پانی کی قلت کے باعث گندم، سبزیات اور دیگر فصلوں کی پیداوار بری طرح متاثر ہورہی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف کسان طبقہ مشکلات کا شکار ہے بلکہ علاقے کی معیشت بھی شدید دباو کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ آبپاشی کے منصوبوں کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ کسانوں کو ریلیف مل سکے اور ان کی محنت ضائع نہ ہو۔

صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے وفد کے خدشات اور مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی زرعی معیشت صوبے کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ملاقات میں میر دوست محمد ساتکزئی، میر علی حسن منجھو، ماما شاہنواز خان منجھو، رئیس نذیر منجھو سمیت دیگر معززین بھی شریک تھے۔ معززین نے پانی کی کمی کے حوالے سے اپنے خدشات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت کی بروقت حکمت عملی سے کسانوں کے مسائل حل ہوں گے اور علاقے کی زراعت کو استحکام حاصل ہوگا

متعلقہ عنوان :