ةمسافر بسوں میں خفیہ خانوں اور اسمگلنگ کے باعث خطرناک حادثات رونما ہوتے ہیں ، محمد حیات کاکڑ

جمعرات 28 اگست 2025 20:10

ئ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ نے کہا ہے کہ مسافر بسوں میں خفیہ خانوں اور اسمگلنگ کے باعث خطرناک حادثات رونما ہوتے ہیں جن سے ملکی معیشت کے ساتھ ساتھ قیمتی انسانی جانیںضیاع ہوتے ہیں۔ مسافر بسوں میں خفیہ خانوں کی موجودگی مسافروں کے تحفظ کو غیر یقینی بنا دیتی ہے جبکہ اس عمل سے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو بھی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ پکڑے جانے کی صورت میں گاڑیاں ضبط ہو جاتی ہیں، اعتبار ختم ہو جاتا ہے اور مالکان کو قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑتی ہیں۔

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی کے ویڑن کے مطابق صوبائی حکومت مسافر بسوں میں خفیہ خانوں اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کے زیر اہتمام مسافر بسوں میں خفیہ خانوں اور اسمگلنگ کے خاتمے کے حوالے سے آگہی سمینیار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام مسافر بسوں کی انسپکشن ناگزیر ہے، اسی مقصد کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ ادارے انتہائی سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کوئٹہ اور دیگر مقامات پر پیش آنے والے حادثات میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جن کی روک تھام کے لیے ٹرانسپورٹرز پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ نہ صرف ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ٹرانسپورٹرز کو بھی شدید مالی و قانونی مشکلات میں مبتلا کر دیتی ہے۔اس موقع پر پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کے زیراہتمام ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ، کسٹمز، موٹروے پولیس، ایکسائز، ٹرانسپورٹرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے ڈائریکٹر جنرل ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر ساجد علی، سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی، انسپکٹر کسٹمز علی کامران، سب انسپکٹر موبائل یونٹ میڈم خوش بخت، ٹرانسپورٹرز کے نمائندے سعید احمد لہڑی، ظاہر شاہ اور دیگر مقررین نے بھی مسافر بسوں میں خفیہ خانوں کے خاتمے اور عوامی تحفظ کے حوالے سے خطاب کی۔

تقریب کے اختتام پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان کی جانب سے مہمان اور شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں