Live Updates

پانی بہت تیزی سے آ رہا ہے، گھروں کو خالی کر دیں

لاہور کے دریا کنارے مختلف علاقوں میں پانی داخل ہونے کے بعد ہنگامی اعلانات شروع کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 28 اگست 2025 23:49

پانی بہت تیزی سے آ رہا ہے، گھروں کو خالی کر دیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست 2025ء ) پانی بہت تیزی سے آ رہا ہے، گھروں کو خالی کر دیں، لاہور کے دریا کنارے مختلف علاقوں میں پانی داخل ہونے کے بعد ہنگامی اعلانات شروع کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دریاوں نے بپھرنے کے بعد شہری آبادیوں کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

پنجاب کا دارالحکومت لاہور بھی دریا کے سیلابی پانی کی زد میں آ گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ دریائے راوی کا بند متعدد مقامات پر ٹوٹ جانے سے شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ، موہنوال، چوہنگ کے علاقوں میں سیلابی پانی آبادی والے علاقوں میں داخل ہو گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ مں دریائے راوی کا بند ٹوٹنے کے باعث دریا کا سیلابی پانی نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں داخل ہو گیا، جہاں سے شہریوں کا انخلاء شروع کر دیا گیا۔

منظور گارڈن، برکت کالونی، مانوال میں تیزی سے پانی آبادی والے علاقے میں پھیل رہا ہے جس باعث علاقے میں اعلانات کر کے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میں رِنگ روڈ سے ملحقہ بادامی باغ کے علاقہ میں راوی دریا کاسیلابی پانی داخل ہوا۔ لاہور میں دریا کے پار آباد شاہدرہ کی آبادیوں کو دریا کا پانی داخل ہو جانے کا سب سے زیادہ خطرہ تھا، شاہدرہ کی نشیبی آبادیوں عزیز کالونی اور فرخ آباد میں دریا کا پانی داخل ہوا اور مکانوں کی نچلی منزلوں کئی فٹ تک پانی جمع ہو گیا۔

ان علاقوں میں بھی مکینوں نے انتظامیہ کے بار بار انتباہ کے باوجود علاقہ نہیں چھوڑا تھا، اب بہت سے مکین علاقہ چھوڑ رہے ہیں۔ کچھ اب تک اپنے پانی میں گھرے ہوئے گھروں میں بیٹھے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ پر پانی میں اضافے کے بعد اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاو ایک لاکھ 45 ہزار 160کیوسک ہو گیا ہے۔ کمشنر لاہور کے مطابق شاہدرہ سے 1 لاکھ60 ہزار کیوسک ریلے کا امکان ہے ، ابھی تک راوی میں سیلابی صورتحال قابو میں ہے،دریائے راوی کی گنجائش 2 لاکھ 50ہزارکیوسک ہے،ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکموں کی تیاری مکمل ہے اور ہائی الرٹ پرہیں، راوی میں جسڑ کے مقام پر سیلاب کا زور کم ہونے لگا ہے، پانی کا بہاو ایک لاکھ52 ہزار کیوسک پر آگیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات