ایران پر یورپی پابندیاں بین الاقوامی تعاون کو نقصان پہنچائیں گی، روس

جمعہ 29 اگست 2025 09:00

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) روس نے کہا ہے کہ ایران پر یورپی پابندیاں بین الاقوامی تعاون کو نقصان پہنچائیں گی۔ اقوام متحدہ میں روس کے قائم مقام مستقل مندوب دمتری پولیانسکی نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس (یورپی تین) کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے سے نہ صرف ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی ماحول متاثر ہوگا بلکہ اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون بھی پیچیدگی کا شکار ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولیانسکی نے کہا کہ یہ فیصلہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق عمومی فضا کو متاثر کرے گا اور اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو مزید مشکل بنا دے گا۔انہوں نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ سمجھتے تھے کہ ہم سنجیدہ لوگوں سے معاملہ کر رہے ہیں جن کے عزائم بھی سنجیدہ ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ ہم کچھ بدمعاشوں سے نمٹ رہے ہیں۔پولیانسکی نے دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہے۔