ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے دوسرے بینچ کو منتقل

اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری

جمعہ 29 اگست 2025 12:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے دوسرے بینچ کو منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت عالیہ کی9 ججز سنگل بینچز میں فرائض سرانجام دیں گے،جبکہ 5 ڈویژن بینچز بھی آئندہ ہفتے دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

روسٹر کے مطابق جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان سنگل بینچز کا حصہ نہیں ہوں گے، اس وجہ سے ان کے سنگل کیسز دوسرے ججز کو منتقل کر دئیے گئے ہیں، تاہم دونوں ججز کو ٹیکس سے متعلق مقدمات کیلئے ڈویژن بینچ میں شامل کیا گیا ہے۔اسی طرح اہم مقدمات کی منتقلی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس بھی شامل ہے، جو جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت سے جسٹس انعام امین منہاس کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے حال ہی میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے تھے اور یکم ستمبر تک جواب طلب کیا تھا۔نئے روسٹر کے تحت آئندہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 سنگل اور 5 ڈویژن بینچ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔