ایران نے یورپی ممالک کے اقدام کو مسترد کر دیا، پابندیاں بحال کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل

جمعہ 29 اگست 2025 13:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ایران نے فرانس، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے اقوام متحدہ کے پابندیوں کے طریقۂ کار کو فعال کرنے کے فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور غیر ضروری قرار دیا ہے۔کیو این اے/اے پی پی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں یورپی ممالک کا یہ اقدام ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان جاری تعاون کے عمل کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر یورپی ممالک کے اس رویے کو نہ روکا گیا تو یہ نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ساکھ کو متاثر کرے گا بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایران کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے لیے درکار قانونی تقاضوں اور ثبوتوں کو پورا کیے بغیر پابندیاں بحال کرنے کی کوشش، سلامتی کونسل کے فیصلوں پر سے اعتماد اٹھا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے ایران پر جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک مشترکہ خط ارسال کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو ایران کی عدم تعمیل کو ظاہر کرتے ہیں۔ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ اس اقدام کا مناسب جواب دے گا اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔