اٹک، کمرشل اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو لانے والی گاڑیوں میں گیس سلنڈرز لگانےکی ہرگزاجازت نہیں، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 29 اگست 2025 15:50

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنراٹک راؤعاطف رضا نےکہا ہےکہ کمرشل اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو لانے والی گاڑیوں میں گیس سلنڈرز لگانےکی ہرگزاجازت نہیں، ایسی ٹرانسپورٹ کےخلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائےگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی رابطہ کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نوشین اسرار سیکرٹری آرٹی اے سردار ظہیر احمد خان،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور دیگرمتعلقہ افراد بھی موجود تھے۔محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئےاجلاس کو بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے یکم جولائی سے 31 جولائی تک 16631 چالان کیے.ڈی سی اٹک نے اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے سردار ظہیر احمد خان اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ پرسخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ 18 غیر قانونی پٹرول پمپس سیل کیے،اس کے علاوہ ایک لاکھ 48 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔غیر قانونی سلنڈروں کی فروخت کے سلسلے میں بھی کاروائی جاری ہے اور اس ضمن میں اب تک 45 دکانوں کو سیل کیا گیا اور2 لاکھ 10 ہزار روپےکاجرمانہ عاٸدکیاگیا۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ایرانی پٹرول کی سمگلنگ روکنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں 10 دکانوں کو سیل کیا گیا اورسترہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

انسداد تجاوزات مہم کے سلسلے میں 620 کاروائیاں کی گئی اور ایک لاکھ چالیس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔انسدادبجلی چوری مہم کے سلسلے میں مختلف معائنے کیے گئے 59 غیر قانونی کنکشنز پکڑےگٸے 30 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 46 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ۔انسداد گد اگری مہم کے سلسلے میں23افراد کو گرفتار کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ربیع الاول کے سلسلے میں تمام متعلقہ تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ڈی سی اٹک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تناظراقدامات جاری رہیں گے۔\378