برازیل کا امریکا کے 50فیصد ٹیرف کیخلاف تجارتی جوابی اقدامات پر غور

جمعہ 29 اگست 2025 15:50

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)برازیل نے امریکا کے 50فیصد ٹیرف کے خلاف تجارتی جوابی اقدامات پر غور کے لیے باضابطہ عمل شروع کر دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ حکومتی تجارتی ادارے کیمیکس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے کہ آیا امریکہ پر باہمی جوابی اقدام کے قانون کا اطلاق کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

یہ قانون رواں سال برازیلی کانگریس سے منظور ہوا تھا جس کے تحت ملک کو اختیار ہے کہ اپنی مصنوعات اور خدمات پر یکطرفہ اقدامات کی صورت میں جوابی محصولات اور دیگر اقدامات نافذ کرے۔وزارتی ذرائع کے مطابق صدر لوئز اناسیو لولا ڈا سلوا نے امریکا کے خلاف اس قانون کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔کیمیکس کو 30دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، جس کے بعد ایک حکومتی ورکنگ گروپ یہ فیصلہ کرے گا کہ کن شعبوں پر امریکی مصنوعات کو نشانہ بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :