امریکہ نے غیرملکی شہریوں کیلئے 250 ڈالر کی نئی ویزہ فیس عائد کردی

اتوار 31 اگست 2025 08:30

امریکہ نے غیرملکی شہریوں کیلئے 250 ڈالر کی نئی ویزہ فیس عائد کردی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) امریکا نے ان تمام ممالک کے شہریوں پر 250 ڈالر کی اضافی ’ویزہ انٹیگریٹی فیس‘ عائد کر دی ہے جو ویزہ چھوٹ کے زُمرے میں نہیں آتے۔ یہ نئی فیس یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہو گی۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نےاپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اس فیصلے سے امریکا کی پہلے سے متاثرہ سفری صنعت کو مزید دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی حکومت کے مطابق جولائی میں غیرملکی سیاحوں کی آمد میں 3.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو ایک کروڑ 92 لاکھ رہی۔یہ فیس ان ممالک کے شہریوں کو متاثر کرے گی جو ویزہ چُھوٹ کے زُمرے میں نہیں آتے جن میں انڈیا، چین، برازیل، ارجنٹائن اور میکسیکو شامل ہیں۔عالمی سفری کمپنی آلٹور کے صدر گیب ریزی نے کہا ہے کہ ’مسافروں کے لیے کسی بھی قسم کی رکاوٹ سفر کی تعداد کو کم کرتی ہے۔ جیسے جیسے گرمیوں کا موسم ختم ہو رہا ہے، یہ مسئلہ مزید سنگین ہوتا جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا کی سخت ویزہ پالیسیوں کے باعث دیگر ممالک بھی جوابی اقدامات کر سکتے ہیں جس سے عالمی سطح پر سفری رجحانات متاثر ہو سکتے ہیں۔