عمان کا غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے گولڈن ریزیڈنسی کا اعلان

گولڈن انویسٹر ریذیڈنسی کارڈ ان غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہوگا جو سرمایہ کاری کی مخصوص حدوں کو پورا کریں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 اگست 2025 14:51

عمان کا غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے گولڈن ریزیڈنسی کا اعلان
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2025ء ) خلیجی سلطنت عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے گولڈن ریزیڈنسی کے آغاز کا فیصلہ کرلیا۔ عمان آبزرور کے مطابق عمان کی تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی وزارت ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے متعدد پروگرام شروع کرے گی جن میں گولڈن ریزیڈنسی، کارپوریٹ انیشیٹو، عمان بزنس پلیٹ فارم کے ذریعے جائیداد کی منتقلی کی سہولت اور تعمیراتی شعبے میں تعاون کے پروگراموں پر دستخط شامل ہیں، یہ تقریب ظُفار گورنریٹ کے صلالہ ریزورٹ میں ظُفار کے گورنر سید مروان بن ترکی السید کی سرپرستی میں منعقد ہوگی۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گولڈن انویسٹر ریذیڈنسی کارڈ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہوگا جو سرمایہ کاری کی مخصوص حدوں کو پورا کرتے ہیں، اس کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی رہائش اور سرمایہ کاری سے متعلق طریقہ کار کو آسان بنا کر عمان کی کشش کو بڑھانا ہے، عمان اس وقت سرمایہ کاری کے جو رہائشی پروگرام پیش کرتا ہے ان میں رئیل اسٹیٹ کی سرمایہ کاری، تجارتی سرمایہ کاری اور طویل مدتی بینک ڈپازٹس شامل ہیں، درخواست دہندگان کے مخصوص معیار پر پورا اترنے کے ساتھ ان کی پانچ اور دس سال کے لیے تجدید کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ، ٹائر ون کے تحت ایک محدود ذمہ دار کمپنی، عوامی مشترکہ سٹاک کمپنی یا سرکاری بانڈز میں کم از کم 5 لاکھ عمانی ریال کی سرمایہ کاری کرنا، سلطنت میں مذکورہ مالیت کی جائیداد خریدنا یا کم از کم 50 عمانی شہریوں کو ملازمت دینے والی کمپنی قائم کرنا شامل ہے، کمپنی کے لیے کسی مخصوص سرمائے کی ضرورت نہیں ہے، اس صورت میں عمان میں رہائشی اجازت نامہ کی میعاد دس سال ہے جو قابل توسیع بھی ہے، اس کارڈ کو حاصل کرنے کی فیس 551 عمانی ریال فی درخواست دہندہ مقرر کی گئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ٹائر ٹو کے تحت ایک محدود ذمہ دار کمپنی یا عوامی مشترکہ سٹاک کمپنی میں کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ عمانی ریال تک کی سرمایہ کاری کرنا یا سلطنت میں 2 لاکھ 50 ہزار عمانی ریال کی جائیداد خریدنا، نیز فی الحال عمان میں مقیم ایسے غیرملکی کارکن جو سلطنت میں ریٹائر ہونا چاہتے ہیں، کم از کم 4 ہزار عمانی ریال ماہانہ کی مستقل آمدنی کا ثبوت فراہم کرکے توسیعی رہائشی اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں، اس رہائشی اجازت نامے کی میعاد 5 سال ہے جو قابل تجدید بھی ہے، اس کارڈ کو حاصل کرنے کی فیس 326 عمانی ریال فی درخواست گزار ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ایسے منصوبے جو سیاسی اور معاشی استحکام فراہم کرنے کے علاوہ سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی نمو کو بڑھاتے ہیں، ان میں کلیدی پرکشش مقامات میں ٹیکس چھوٹ اور مفت اقتصادی زون بھی شامل ہیں، عمانی حکومت نے طویل المدتی حکمت عملیوں، معیشت کو متنوع بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، بحرانوں سے ہوشیاری سے نمٹنے اور کام کی جگہ پر ترغیبات کے طور پر قانون سازی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔