یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام نان ٹیچنگ سٹاف کی تربیت کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا

جمعہ 29 اگست 2025 23:17

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام نان ٹیچنگ سٹاف کی تربیت کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر چار ورکشاپس منعقد ہوئیں ،جن کا مقصد نئے تعینات ہونے والے ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ اور انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھانے کے قابل بنانا تھا۔

پہلی ورکشاپ میں 19 لیب اسسٹنٹس، دوسری میں 23 لیب اٹینڈنٹس، تیسری میں 30 نائب قاصد و بیلدار جبکہ چوتھی اور آخری ورکشاپ میں 62 جونیئر کلرکس نے شرکت کی۔ ان ورکشاپس کے دوران ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹرامجد حسین جنجوعہ نے شرکاء کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، آرڈیننس، ایکٹ، سٹیچوز اور پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی اور اُنہیں پیشہ ورانہ ذُمہ داریاں سر انجام دینے کے لیے درکار مہارتوں سے رُوشناس کرایا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب میں وائس چانسلریونیورسٹی آف سرگودھاپروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس بطور مہمانِ خصوصی اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اپنے ملازمین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

تربیتی پروگرامز نہ صرف سٹاف کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ ادارے کے مجموعی نظم و نسق کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نان ٹیچنگ سٹاف یونیورسٹی کے انتظامی ڈھانچے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ان ورکشاپس کے ذریعے ملازمین کو اپنی ذُمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں سرانجام دینے کا موقع ملے گا، جو بالآخرطلبہ اوراُساتذہ دونوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹرامجد حسین جنجوعہ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور مہمانِ اعزاز نے ورکشاپس کے شرکاء میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :