قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شاندار انٹرپرینیورل ایکسپو-2025 کا انعقاد،طلبہ کی جانب سے70 سے زائد آئیڈیاز کی نمائش

جمعہ 29 اگست 2025 21:43

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹرنے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے تعاون سے شاندار انٹرپرینیورل ایکسپو-2025 کا انعقادکیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق ایکسپو میں جامعہ کے طلبہ وطالبات کی جانب سے 70سے زائدنئے جدید کاروباری خیالات اور ابھرتی ہوئی اسٹارٹ اپس کی نمائش کی گئی۔

جو کے آئی یو انکیوبیشن سینٹر کے تعاون کے پروگرامز کے ذریعے پروان چڑھے ہیں۔ ایکسپو کا مقصد طلبہ کو جدید منصوبوں کی دریافت، پچ مقابلوں میں حصہ لینے اور نیٹ ورکنگ سیشنز میں شرکت کرنے سمیت نوجوان کاروباری افراد کو سرمایہ کاروں سے جوڑنے کے قابل بنانا تھا۔ایکسپو کے بارے میں بتاتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی سی کلیم ڈار نے کہاکہ یہ ایونٹ جامعہ قراقرم کی گلگت-بلتستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنے کی کوششوں اور اگلی نسل کے کاروباری افراد کو پروان چڑھانے کے عزم کا عملی نمونہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جامعہ کا بزنس انکیو بیشن سینٹر طلبہ میں کاروباری ترقی کا ایک اہم ستون رہا ہے جو رہنمائی، تربیتی ورکشاپس اور فنڈنگ کے مواقع جیسے وسائل فراہم کرتا ہے۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے ایکسپو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاانٹرپرینیورل ایکسپو-2025 ہمارے تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کو فروغ دینے کے مشن کا ثبوت ہے۔

نوجوان کاروباری افراد کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر کے ہم معاشی ترقی کو فروغ دینا اور ہمارے نوجوانوں کو گلگت-بلتستان کے لیے ایک پائیدار مستقبل بنانے کے قابل بنانا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ جامعہ قراقرم نے تمام شعبہ جات میں انٹرپینورشپ کو خصوصی کورس کے طور پر متعارف کرایا ہے۔جس کے تحت سمسٹر میں پڑھائے جانے والی چیزوں کو عملی طور پر سرانجام دینے کے لیے اس طرح کی نمائشوں کا انعقاد کیاجاتاہےتاکہ طلبہ کو عملی طور پر پروڈکٹ کو مارکیٹ تک لانے سے متعلق آگاہی و تربیت فراہم کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :