ماہ ربیع الاوّل شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا : ڈاکٹر راغب حسین نعیمی

جمعہ 29 اگست 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاوّل شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔ علماء کرام میلاد النبی ؐ کی محافل میں سیرت النبی ؐ کے پیغام کو عام کریں۔ ربیع الاوّل کا مہینہ ہمیں نبی اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے، اخلاقِ حسنہ کو فروغ دینے اور دینِ اسلام کی اصل روح کو سمجھنے کا پیغام دیتا ہے۔

تقریبات میں نظم و ضبط، اخوت اور اسلامی شعائر کا احترام ملحوظ رکھا جائے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ربیع الاوّل کی تقریبات کے دوران سکیورٹی، صفائی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ا ن خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ عید میلاد النبیؐ وہ بابرکت دن ہے جب تمام کائنات میں رحمت، نور، ہدایت اور فلاح کا سورج طلوع ہوا۔

یہ دن اہلِ ایمان کے لیے خوشی، شکر، عشقِ رسولؐ اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ 12 ربیع الاول کا دن تاریخِ انسانیت کا وہ عظیم لمحہ ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے سب سے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو دنیا میں بھیجا۔آپ ﷺ کی آمد سے دنیا میں عدل، امن، علم، روشنی، مساوات، رحم اور حق کا پیغام عام ہوا۔ میلاد النبیؐ کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ نبی کریمﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہی حقیقی خوشی کا ذریعہ ہے۔

عید میلاد النبیؐ منانا سنتِ صحابہ ہے جو نبی کریمﷺ کے یومِ ولادت پر خوشی مناتے، نعتیں پڑھتے، درود و سلام کا اہتمام کرتے اور خیرات کرتے تھے۔ آج بھی اہلِ ایمان جلوسِ میلاد نکالتے ہیں ۔ محافلِ نعت و سیرت کا اہتمام کرتے ہیں ، گھروں اور مساجد کو سجایا جاتا ہے۔ غرباء و مساکین کو کھانا کھلایا جاتا ہے ، درود و سلام کی کثرت کی جاتی ہے ۔ یہ خوشی صرف ظاہری نہیں بلکہ ایک روحانی وابستگی کا اظہار بھی ہے۔ ہمیںاپنے محافل کوخرافات سے بچاناہوگااورمیلاد کی محافل میں سیر ت النبیؐ کے پیغام کوعام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :