Live Updates

محکمہ تعلیم کے اعلی سطحی وفد کا سکولوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ

سیکرٹری ایجوکیشن اور چیئرمین ٹاسک فورس کی متاثرین سے ملاقات، انتظامات بارے دریافت کیا

جمعہ 29 اگست 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)محکمہ تعلیم پنجاب کے اعلی سطحی وفد نے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کے سکولوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر وٹو اور چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود نے سکولوں میں پناہ گزین متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے قیام و طعام اور علاج معالجے سمیت دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

سیکرٹری ایجوکیشن اور چیئرمین ٹاسک فورس نے فلڈ ریلیف کیمپس میں دستیاب سہولیات کا خود بھی معائنہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑنے اور موثر انتظامات یقینی بنائے رکھنے کی ہدایت کی۔ محکمہ تعلیم کے وفد نے دریائے ستلج سے متاثرہ علاقوں تلوار پوسٹ، گنڈہ سنگھ، منڈی عثمان والہ، کنگن پور، پتوکی اور دریائے راوی سے متاثرہ علاقوں ہلہ، بونگی لالو، بلوکی اور دیگر متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کر کے ریلیف انتظامات کا معائنہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریلیف سرگرمیوں کا مزید انتظام تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے حکم پر سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر وٹو نے تمام سی ای اوز ایجوکیشن کو بھی بوقت ضرورت سکولوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کرنے سے اجتناب نہ کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ اس وقت بیشتر اضلاع کے سکولوں میں متاثرین کیلئے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں جبکہ سی ای اوز بھی سکولوں میں سیلاب متاثرین کو پناہ دینے کے معاملے دل کھلا رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی حلقہ پی پی 183 اور این اے 142 کے متاثرین کی فوری مدد کیلئے ہیلپ لائن 03348699100 قائم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال میں کسی قسم کی ایمرجنسی اور مدد کیلئے پی پی 183 اور این اے 142 کے متاثرین سکندر سے بولیں ہیلپ لائن پر کال کرسکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات