وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں صوبے کے دور دراز علاقوں سے آئے عوامی وفود اور افراد کی ملاقات

جمعہ 29 اگست 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں صوبے کے دور دراز علاقوں سے آئے عوامی وفود اور افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں نے اپنے مسائل، مشکلات اور مطالبات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا اور تحریری درخواستیں پیش کیں ۔وزیر اعلیٰ نے عوامی مسائل کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات دیں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے لوگوں کو کوئٹہ آنے کی زحمت نہ اٹھانی پڑے بلکہ ان کے مسائل ضلعی سطح پر ہی حل ہوں اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور مقامی مشینری کو زیادہ فعال اور جواب دہ بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف ان کی دہلیز پر میسر ہو ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اچھی گورننس صرف کاغذی منصوبوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے ۔

ضلعی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور ہر سطح پر شفافیت اور تیز رفتاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کی دہلیز پر سہولت پہنچانا ہی حقیقی عوامی خدمت ہے اور یہی ہماری حکومت کا بنیادی نصب العین ہے ۔