Live Updates

پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق کا ہیڈ بلوکی اور پھول نگر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعہ 29 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے جمعہ کو ہیڈ بلوکی اور پھول نگر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انھوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور ان کو درپیش مشکلات و مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ سے بحالی سے متعلق سرگرمیوں بارے بریفنگ لی۔

صبا صادق نے کہا کہ حکومت متاثرین کو ریلیف اور بحالی کے عمل میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔علاوہ ازیں صبا صادق نے ہیڈ بلوکی کے قریب قائم ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صبا صادق نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، متاثرین کیلئے بروقت امداد اور شفاف تقسیم پنجاب و وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک بھرپور اقدامات جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق متاثرہ افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔صبا صادق نے ریلیف آپریشن میں ضلعی و مقامی اداروں کے کردار کو سراہا ۔انھوں نے ریلیف آپریشن مزید موثر بنانے اور متاثرین کے لیے امدادی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :