گلگت بلتستان سکاؤٹس نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر خطے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ کیا، معاون خصوصی برائے اطلاعات

ہفتہ 30 اگست 2025 16:08

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) معاونِ خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے گلگت بلتستان سکاؤٹس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ محض ہمارے بہادر محافظوں پر نہیں بلکہ پورے خطے کے امن و سکون پر حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

معاون خصوصی ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان سکاوٹس نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر خطے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ کیا ہے۔ دشمن عناصر امن دشمنی کی کارروائیوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی ادارے مل کر ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی ناپاک سازش سر نہ اٹھا سکے۔

(جاری ہے)

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور حکومت سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن طاقتیں خطے میں خوف و ہراس پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں لیکن عوام کا اتحاد اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر بار ناکام بنائیں گی۔\378