انسانیت کی کامیابی صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کریں،مولانا عبدالمجیب قریشی

ہفتہ 30 اگست 2025 16:37

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے نائب امیر اور درگاہ بیر شریف کے سجادہ نشین پیر مولانا عبدالمجیب قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ آخری نبی ہیں اور قرآن مجید آخری آسمانی کتاب ہے انسانیت کی کامیابی صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد حیدر کرار جیکب آباد میں ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کی جس میں بڑی تعداد میں علماء کرام، طلباء اور شہریوں نے شرکت کی پیر مولانا عبدالمجیب قریشی نے کہا کہ ربیع الاول وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں رحمت للعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی اس مقدس مہینے کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے بتائے گئے اصولوں پر عمل کرنے کا عہد کریں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور فتنوں سے بھرا ہوا ہے اور ان فتنوں سے نجات کا واحد راستہ قرآن حکیم اور سنت رسول ﷺ کو مضبوطی سے تھامنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو انسان دوست ہونا چاہیے دوسروں کی بھلائی کرنی چاہیے اور والدین کی اصل کامیابی اسی میں ہے کہ وہ اپنی اولاد کو قرآن پاک کا علم سکھائیں اور نبی کریم ﷺ کی سیرت سے روشناس کرائیں اس موقع پر جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، تعلقہ جنرل سیکریٹری مولانا نصراللہ گھنیو، ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ محمود علی مہر، مولانا محمد شعیب بمبل، مولانا عبدالوحید پہوڑ، قاری شاہنواز رحمانی، مولانا مولا بخش بکھرانی اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔