کمشنرمظفرآباد کی زیرصدارت 1500سالہ جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلہ میں اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 30 اگست 2025 17:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) کمشنرمظفرآبادڈویژن کی زیرصدارت 1500سالہ جشن عیدمیلادالنبی ﷺکے سلسلہ میں ایک اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں مظفرآبادڈویژن کے جملہ انتظامی آفیسران کے علاوہ مرکزی صدرسیرت کمیٹی مظفرآباد نے بھی شرکت کی۔کمشنرمظفرآبادڈویژن نے کہا کہ امسال 1500سالہ جشن عید میلاد النبی ﷺکے سلسلہ میں تمام عالم اسلام میں عظیم الشان تقاریب و محافل میلادمنعقدہورہی ہیں اور اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) نے اس حوالہ سے باقاعدہ قراردادبھی منظورکی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سرورکائنات حضرت محمدمصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پرعشرہ رحمتہ للعالمینﷺ کے انعقادکی ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ہرسال کی طرح اس سال بھی شایان شان تقریبات اور تیاریاں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنراضلاع کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سیرت کمیٹی، انجمن تاجران و دیگرذمہ داران سے رابطہ کرتے ہوئے 1500سالہ جشن عید عید میلاد النبی ﷺ بھرپور طریقے سے منائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے لئے خوشی، محبت اور شکر گزاری کا دن ہے، جس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی خوشیوں کا اظہار کیا جاتا ہے۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے کئی اہم اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ اس دن کوشایان شان منایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس پُرمسرت موقع پر شریک ہو سکیں۔ کمشنر نے کہا کہ مختلف مساجد اور کمیونٹی ہالز میں سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر مختلف کانفرنسز، تربیتی پروگرامز اور محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :