جہلم ویلی میں چیتوں کے حملے جاری ،چناری سے ملحقہ گائوں بانڈی چکاں میں ایک گھر میں گھس کر چیتے نے غریب کی بکری ہلاک کردی

ہفتہ 30 اگست 2025 18:25

#چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء)جہلم ویلی میں چیتوں کے حملے جاری ،چناری سے ملحقہ گائوں بانڈی چکاں میں ایک گھر میں گھس کر چیتے نے غریب شخص کی ایک بکری ہلاک اور ایک زخمی کردی ،علاقہ میں شدید خوف وہراس ،لوگ گھروں کے اندر بند ہو کر رہ گئے ،تقریبا ایک ماہ قبل چیتے کے حملہ میں جاں بحق ہونے والی بچی کے ورثاء سمیت ہلاک ہونے والے درجنوں مویشیوں کے مالکان تاحال حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مالی امداد سے محروم ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جہلم ویلی کے گائوں بانڈی چکاں کے رہائشی ،غریب محنت کش راجہ نذیر خان کے گھر کے اندر بکریوں کے باڑے میں گھس کر چیتے نے ایک قیمتی بکری کو ہلاک جبکہ دوسری بکری شدید زخمی کردی،علاقہ مکینوں کے مطابق چند دنوں سے لگاتار جانوروں پر حملوں نے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر رکھا ہے،عوام چیتوں کے حملوں کے باعث گھروں کے اندر بند ہو کر رہ گئے ہیں، جہلم ویلی میں پچھلے کئی ماہ کے دوران غریب عوام کا لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہونے کے باوجودمحکمہ وائلڈ لائف اور متعلقہ حکام خاموشی تماشائی بنے ہوئے ہیں،تقریبا ایک ماہ قبل سنگڑ شمالی کے گاؤں ڈبراں میں غلام مصطفی اعوان کی بیٹی کو جنگلی چیتے نے حملہ کر کے ہلاک کردیا تھا ،اس کے علاوہ گذشتہ ایک ماہ کے عرصہ میں جہلم ویلی کے مختلف علاقوں میں چیتوں کے حملوں میں لوگوں کے درجنوں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں ،لیکن بد قسمتی سے آج تک حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے کسی کی بھی مالی مدد نہیں کی گئی ،دوسری طرف یونین کونسل پاہل کے مکینیوں کا کہنا ہے حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر چیتے کے حملہ میں جاں بحق بچی کے ورثاء ،ہلاک ہونے والے جانوروں کے مالکان کے ساتھ ساتھ رواں ماہ طوفانی بارشوں سے یونین کونسل پاہل میں مکمل اور جزوی تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو معاوضوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائے،تانکہ عوام کی مشکلات میں کمی آئے ۔