ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں نئے آپریشن تھیٹر کی تعمیر خضدار کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے،کمشنر قلات ڈویژن

ہفتہ 30 اگست 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ اور ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے احاطے میں مجوزہ آپریشن تھیٹر کی تعمیر و تکمیل کو خضدار کے عوام کیلئے ایک تحفہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال خضدار میں نئے آپریشن تھیٹر کی تعمیر کا منصوبے پر 15 کروڑ روپے لاگت آئے گی ،ضلع خضدار میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایک اہم منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ اور ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے احاطے میں نئے آپریشن تھیٹر کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور بہت جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ نیا آپریشن تھیٹر ٹیچنگ ہسپتال کے موجودہ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنائے گا اور علاقے کی طبی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

منصوبے کے تحت نئے آپریشن تھیٹر میں جدید ترین سہولیات شامل ہوں گی، جن میں متعدد آپریشن رومز جو جدید جراحی آلات سے لیس ہوں گے، لیزر سرجری ٹولز، اینڈوسکوپک آلات اور ہائی ٹیک مانیٹرنگ سسٹم، سٹیرلائزیشن یونٹس جو انفیکشن کنٹرول کو یقینی بنائیں گے،ریکوری رومز جن میں مریضوں کی نگرانی کے لئے جدید وینٹی لیٹرز اور آکسیجن سپلائی سسٹم دستیاب ہوں گے۔

ایمرجنسی سرجری کے لئے خصوصی سیکشن، جو 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ٹریننگ ایریاز جو میڈیکل سٹوڈنٹس اور ڈاکٹروں کی تربیت کے لیئے استعمال ہوں گے، اس منصوبے کے مکمل ہونے سے خضدار اور گردونواح کے علاقوں میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ جراحی آپریشنز کی تعداد میں اضافہ سے مریضوں کو دور دراز شہروں جیسے کوئٹہ یا کراچی جانے سے بچائے گا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اس منصوبے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ خضدار کی صحت کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ علاقے میں طبی سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ رہی ہے، یہ نیا آپریشن تھیٹر نہ صرف جراحی خدمات کو بہتر بنائے گا بلکہ مقامی لوگوں کو اعلیٰ معیار کی طبی امداد فراہم کرے گا۔ اس سے غریب اور متوسط طبقے کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، یہ منصوبہ بلوچستان حکومت کی صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا حصہ ہے اور اس کی تکمیل سے علاقے کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔