ملک کی معاشی و سماجی ترقی جدید اور معیاری تعلیم کے بغیر نا ممکن ہے، سردار محمد یوسف

اتوار 31 اگست 2025 13:50

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی جدید اور معیاری تعلیم کے بغیر نا ممکن ہے۔ یہ بات انہوں نے سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید تعلیم کے حصول سے دنیا کے ساتھ چلنا ممکن ہو گا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کے حصول پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے فیکلٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی تربیت میں اساتذہ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے وہ معاشرے میں بہترین اور محب وطن نوجوان پیدا کرنے کے لئے تمام توانائیاں صرف کریں اور جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرتی زمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قومی یک جہتی اتفاق و اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن سرفراز قمر ڈاہا نے کالج کے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے سٹاف کو سوینیر پیش کیں اور کاج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحصیل ناظم بفہ پکھل سردار شاہ خان اور لیاقت کھسانہ بھی تھے۔