Live Updates

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا سرگودھا کے علاقے کچا گونا میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

اتوار 31 اگست 2025 18:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) صوبائی وزیر مواصلات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نےاتوار کوسرگودھا کے علاقے کچا گونا میں قائم سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپ میں موجود متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل، ضروریات اور مشکلات دریافت کیں۔ انہوں نے ریلیف کیمپ میں متاثرین کو فراہم کی جانے والی خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے صوبائی وزیر کو اب تک جاری ریلیف اور بحالی آپریشن پر جامع بریفنگ دی۔ ملک صہیب بھرتھ نے کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی اور جلد واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریلیف آپریشن میں پاک فوج، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک، ریونیو، ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سمیت تمام اداروں کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا اور متاثرین کے لیے دن رات کام کرنے والی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپ میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ لنچ کیا اور ان کے حوصلے بڑھائے۔ انہوں نے بچوں میں جوس اور چاکلیٹس بھی تقسیم کیں۔ صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپ میں قائم عارضی ہیلتھ یونٹ کا بھی دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی پی او صہیب اشرف سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ ملک صہیب بھرتھ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی تک تمام ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں گے اور حکومت ہر قدم پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :