گلبہار میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی شایان شان تقریبات کا اعلان

یوم ولادت ہمارے لیے خوشی کا دن ہے اور ہمیں اسے بہترین طریقے سے منانا چاہیے،سلیم خاں قادری ترابی

اتوار 31 اگست 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہار رجسٹرڈ کے تاحیات چیئرمین محمد سلیم خان قادری ترابی نے اعلان کیا ہے کہ گیارہ ربیع الاول، 5 ستمبر بروز جمعة المبارک، گلبہار میں استقبالیہ کیمپ مین شاہراہ فردوس کالونی گلبہار میں گیارہ بجے شب محفل نعت کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں شہر کے معروف اور ممتاز ثناء خواں مدح سرائی کا شرف حاصل کریں گے۔

محفل نعت میں علمائے کرام، مشائخ عظام، صوفیائے کرام اور شہر کے عمائدین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ محمد سلیم خان قادری ترابی نے تمام عاشقانِ مصطفی ﷺ سے اس روحانی محفل میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔انہوں نے جشن عید میلادالنبی ﷺ شایان شان طریقے سے منانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے خوشی کا دن ہے اور ہمیں اسے بہترین طریقے سے منانا چاہیے، تاکہ ہم اپنے نبی ﷺ کی محبت اور عقیدت میں مزید اضافہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ عاشقانِ رسول ﷺ اپنے جذبات کا اظہار روشنیوں اور خوشبو کے ذریعے کریں گے۔ پورا علاقہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کی خوشیوں سے معمور ہو جائے گا۔محمد سلیم خان قادری ترابی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ یہ دن نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ ہمیں اپنے ایمان کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ آئیے اس دن کو نبی ﷺ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے منائیں اور اپنے اندر محبت، اخوت، اور اتحاد کے جذبات کو بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :