Live Updates

حکومت کی نئی فلڈ مینجمنٹ پالیسی میں سیلاب سے محفوظ زونز کا قیام اور دریاؤں کے کنارے غیر قانونی تعمیرات کاخاتمہ ترجیح ہوگا،ڈاکٹر مصدق ملک

اتوار 31 اگست 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی نئی فلڈ مینجمنٹ پالیسی میں سیلاب سے محفوظ زونز کا قیام اور دریاؤں کے کنارے غیر قانونی تعمیرات کاخاتمہ ترجیح ہوگا۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت ملک کے ہر ضلع میں ایسے علاقے مختص کیے جائیں گے جہاں مون سون کے دوران سیلابی پانی کو محفوظ طریقے سے موڑا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بحالی کے مرحلے کے بعد وزیرِاعظم کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہو گا، جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز اور ماحولیاتی ماہرین شرکت کریں گے تاکہ حتمی پالیسی مرتب کی جا سکے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ دریا کے راستوں میں بنائے گئے مکانات، ہوٹلز، ریزورٹس اور فیکٹریوں سمیت تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے گا تاکہ پانی کے قدرتی بہاؤ کو بحال کیا جا سکے۔انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ موسمیاتی طور پر مضبوط منصوبہ بندی اور طویل مدتی حکمت عملی کے ذریعے عوام کے جان ومال ، زمین اور روزگار کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :