Live Updates

صوبہ کا سافٹ امیج روشن کرنے کے لئے ہمیں مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانی ہونگی ،گورنرخیبر پختوا

پیر 1 ستمبر 2025 14:23

صوبہ کا سافٹ امیج روشن کرنے کے لئے ہمیں مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ کا سافٹ امیج روشن کرنے کے لئے ہمیں مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانی ہونگی ، نئی نسل سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر صوبہ کی بہتری کے وژن کو مدنظر رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں ڈاکٹر فریال زمان کی قیادت میں ٹیم رازیف کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔

ملاقات کے دوران وفد نے گورنر کو صوبے میں ان کی ہدایات کے تحت جاری سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ان سرگرمیوں میں متاثرہ خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء، غیر غذائی سامان اور دیگر ضروری امدادی سامان کی تقسیم شامل ہے۔وفد نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی مسلسل دلچسپی اور تعاون کو سراہا، جس کی بدولت امدادی سرگرمیوں میں تیزی اور سہولت پیدا ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے وفد کو یقین دلایا کہ متاثرہ علاقوں میں ادویات کی ترسیل کے لئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا مرحلہ سب سے اہم ہے، اور حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کی طویل المدتی بحالی اور استحکام ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے اس حوالہ سے وفد کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات