Live Updates

سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد اور بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،چوہدری محمد شریف گھمن

پیر 1 ستمبر 2025 13:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد اور بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر دن رات سرگرم عمل ہے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور ان کی بحالی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ متاثرین کو خوراک، صاف پانی، عارضی رہائش اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سماجی و نفسیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہ چھوڑا جائے اور ہر سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں اور متاثرین تک بروقت امداد پہنچا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ خواتین کے لئے علیحدہ کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں ان کے لئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ بچوں کو غذائی اجناس، دودھ اور طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بزرگوں اور معذور افراد کی ضروریات پوری کرنے کے لئے علیحدہ میڈیکل ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

چوہدری محمد شریف گھمن نے مزید کہا کہ سوشل ویلفیئر ٹیمیں متاثرین کو نہ صرف خوراک، ادویات اور علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہیں بلکہ ان کی سماجی و نفسیاتی بحالی کے لئے بھی کام کر رہی ہیں تاکہ متاثرین اس مشکل وقت میں حوصلے کے ساتھ کھڑے رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں اور شفاف طریقے سے امداد تقسیم کی جا رہی ہے تاکہ حقیقی مستحقین تک یہ پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ یہ کڑا وقت عارضی ہے اور حکومت پنجاب عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم سب مل کر اس آزمائش پر قابو پائیں گے اور متاثرہ خاندانوں کو عام زندگی کی طرف واپس لانے کے لئے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات