Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق،لوگوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، ڈاکٹرنوید احمد سڈل

پیر 1 ستمبر 2025 13:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں سیلاب متاثرین کے علاج معالجے اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئےبہترین خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر نوید احمد سڈل، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سیلاب زدگان کو علاج کے سلسلے میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے ہسپتال کی انتظامیہ اور عملہ دن رات خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ مریضوں کو ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور دیگر شعبوں میں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ صحت یاب ہو کر اپنی روز مرہ زندگی کی طرف لوٹ سکیں،سیلاب زدگان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں ماہر ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف شامل ہیں،متاثرہ مریضوں کے لئے ادویات و علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ہسپتال میں خصوصی ایمرجنسی وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے اور ان کی صحت و سلامتی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی سرپرستی اور عوامی تعاون کے ساتھ یہ مشن مزید کامیابی سے جاری رہے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات