محکمہ صحت کے ملازمین کی ممکنہ برطرفی کا معاملہ، فیصلہ محفوظ

پیر 1 ستمبر 2025 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) محکمہ صحت کے درجہ چہارم کے ملازمین کی ممکنہ برطرفی کا معاملہ،ملازمین نے ملازمت کے تحفظ کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس شمس محمود مرزا نے محمد تجمل سمیت دیگر ملازمین کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ محکمہ صحت خوشاب میں درجہ چہارم کی پوسٹ پر بھرتی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ناکام امیدواروں نے بھرتی نہ ہونے پر صوبائی محتسب کو درخواست دے دی، جس پر صوبائی محتسب نے درخواست گزاروں کا مقف سنے بغیر بھرتی منسوخ کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی محتسب کا بھرتی منسوخ کرنے کا فیصلہ حقائق اور قانون کے منافی ہے اور اس بنیاد پر اب محکمہ صحت کے افسران ملازمین کو برطرف کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت صوبائی محتسب کے فیصلے کو کالعدم قرار دے اور محکمہ صحت کو انہیں برطرف کرنے سے روکے۔