خیبرپختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پالیسی سازی اور عملی اقدامات کیلئے ایک خود مختار کلائمیٹ ایکشن بورڈ کے قیام کا فیصلہ کر لیا

پیر 1 ستمبر 2025 18:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پالیسی سازی اور عملی اقدامات کیلئے ایک خود مختار کلائمیٹ ایکشن بورڈ کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔اس حوالے سے قانونی مسودہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔مسودے کے مطابق صوبائی سطح پر قائم ہونے والا کلائمیٹ ایکشن بورڈ مکمل آزادی اور خود مختاری کے ساتھ فیصلے کرے گا، بورڈ میں 8 انتظامی سیکرٹری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے 4 افراد شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

کلائمیٹ ایکشن بورڈ کا مینڈیٹ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پالیسی تیار کرنا، مختلف محکموں کے ساتھ روابط قائم رکھنا اور تحقیق کے علاوہ بین الاقوامی اداروں سے تعاون بڑھانا ہوگا۔مسودے میں مزید بتایا گیا ہے کہ بورڈ نئے موسمیاتی پالیسی فریم ورک مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ کاربن کریڈٹ کے حصول کے لئے اقدامات کرے گا جبکہ گرین ہاؤس گیسز کی فہرست کی تیاری اور کم کاربن معیشت کو فروغ دینا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔قانونی مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ ہر چار ماہ بعد کلائمیٹ ایکشن بورڈ کا اجلاس لازمی طور پر منعقد ہوگا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق عملی اقدامات اور پالیسیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :