پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس اور انتخابات کا عمل متنازعہ، غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، چوہدری اصغرگل

پیر 1 ستمبر 2025 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن سینئر نائب صدر چوہدری اصغر گل نے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس اور انتخابات کا عمل متنازعہ، غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیدیا ہے اس لئے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات متنازعہ ہو گئے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ہیڈ آفس میں پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کا جنرل کونسل اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی کے انتخابات کو سینئر نائب صدر اصغر گل نے غیر آئینی قرار دیدیا، ذرائع کے مطابق پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے صرف ایک روز قبل فیڈریشن کو انتخابات کے عمل سے آگاہ کیا جس پر جوابی طور پر اتھلیٹکس فیڈریشن نے خط کے ذریعے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن انتخابی عمل کو آئین کے مطابق کروانے کی ہدایت کی تھی، فیڈریشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کو کہا گیا تھا کہ آئین کے مطابق انتخابات کے لئے جنرل کونسل اجلاس کا نوٹس 21 روز پہلے جاری کیا جانا اور پھرانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نام سات روز قبل جاری کرنا ضروری ہوتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اس وقت صدر پنجاب اتھلیٹکس سلمان بٹ سٹار اتھلیٹ ارشد ندیم کو ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری کروا رہے ہیں اور ان کی توجہ اسی طرف مبذول رہنی چاہیے،اس سے قبل اجلاس میں صدر سلمان بٹ نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور ارشدندیم کی پیرس اولمپکس میں کامیابی کے سفر میں ان کی بھرپور سرپرستی کرنے پر میجر جنرل محمد اکرم ساہی کا شکریہ بھی ادا کیا۔