Live Updates

حکومت کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے،مولانا عبد الحق ثانی

سیلاب متاثرہ علاقوں کو فوری آفت زدہ قرار دے کر دوبارہ بحالی کیلئے حکومت فوری بھرپور پیکیج کا اعلان کرے،امر جے یو آئی (س)

پیر 1 ستمبر 2025 20:20

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) جمعیت علما اسلام (س)کے امیر مولانا عبد الحق ثانی نے کہا ہے کہ حکومت کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو فوری آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ان علاقوں کی دوبارہ بحالی کے لئے حکومت فوری بھرپور پیکج کا اعلان کرے۔ پورے ملک کی عوام کو چاہیے کے وہ سیلاب متاثرین کیساتھ بھرپور تعاون کا اظہار کرے۔

خیبر پختونخوا میں آنے والے حالیہ سیلاب کے موقع پر پورے ملک سے جس تعاون و ہمدردی کا اظہار کیا گیا یقینا یہ جذبہ لائق صد تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفر عمرہ سے واپسی پر بونیر کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر کیا۔ دورہ بونیر کے موقع پر انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کیں، ان کے غم میں شریک ہوئے اور مالی امداد پیش کی۔

(جاری ہے)

مولانا عبد الحق ثانی نے اس موقع پر شہید ہونے والے سیلاب زدگان کے لواحقین کے ہاں حاضری دی اور تعزیت پیش کی، دریں اثنا مولانا عبدالحق ثانی نے پیر بابا بونیر میں واقع مختلف فلاحی و سیاسی تنظیموں کی جانب سے قائم امدادی کیمپوں کا دورہ کیا۔

جمعیت علما اسلام کے امدادی کیمپ میں مفتی فضل غفور سے ملاقات کی، الخدمت فانڈیشن کے امدادی کیمپ میں جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران حلیم باچا، عبد الغفار صاحبان سے ملاقات کی، خدائی خدمت گار کیمپ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سابق وفاقی وزیر استقبال خان ، حمایت اللہ مایار و دیگر سے ملاقاتیں کیں۔ مولانا عبد الحق ثانی نے متعدد امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں مولانا عبد الحق ثانی نے سیلاب سے متاثرہ پیر بابا بازار اور بیشونئی گاؤں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ یاد رہے پچھلے ہفتے جمعیت علما اسلام و جامعہ دارالعلوم حقانیہ کی جانب سے ایک بھرپور امدادی قافلہ سیلاب زدہ علاقوں بونیر، سوات وغیرہ کا تفصیلی دورہ کرچکا ہے اور متاثرین سیلاب کے ساتھ اس کٹھن مرحلہ میں مالی و بدنی امدادی سرگرمیاں سرانجام دے چکا ہے۔دورہ کے موقع پر صوبائی نائب امیر حافظ عبد الرفیع، ضلع بونیر کے امیر مولانا سلیم حقانی ، سیکرٹری جنرل مسلم خان باچا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حافظ زین العارفین، قاضی فتح الباری رستمی و دیگر ہمراہ تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات