پاکستان یوتھ فورم فار کشمیر کا عوامی آگاہی سرگرمی کا انعقاد

یہ سرگرمی کراچی پریس کلب کے باہر منعقد کی گئی، جس میں سید علی گیلانی کی طویل جدوجہد کو اجاگر کیا گیا

پیر 1 ستمبر 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)پاکستان یوتھ فورم فار کشمیر نے ایک عوامی آگاہی سرگرمی کا انعقاد کیا تاکہ کشمیری عوام کی مزاحمت اور آزادی کی علامت، بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی شہادت کی برسی کو یاد کیا جا سکے۔یہ سرگرمی کراچی پریس کلب کے باہر منعقد کی گئی۔ جس میں سید علی گیلانی کی طویل جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ۔

جو کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے لیے تھی۔ اس موقع پر پوسٹرز، پمفلٹس اور معلوماتی مواد نمائش اور تقسیم کیا گیا تاکہ عوام کو ان کی قربانیوں اور اصولی موقف کی یاد دہانی کرائی جا سکے۔یوتھ فورم فار کشمیر کے نمائندوں نے سید علی شاہ گیلانی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور یاد دلایا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے کئی دہائیاں قید و بند، نظربندی اور سختیوں میں گزار دیں لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ان کا مشہور نعرہہم پاکستانی ہیں۔ پاکستان ہمارا ہے ۔آج بھی لاکھوں کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت ہے۔مقررین نے زور دیا کہ بھارتی پابندیوں اور آرٹیکل 35-اے اور 370 کے خاتمے کے باوجود گیلانی صاحب کا نظریہ آزادی کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو سفارتی اور انسانی سطح پر جاری رکھیں۔