ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے اجلاس

پیر 1 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات، لوکل گورنمنٹ، ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اربن پلاننگ، اسپورٹس سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت ضلع کیچ کیلئے 92 ترقیاتی سکیمیں صوبائی حکومت کو ارسال کی گئیں، جن میں سے 50 سکیموں کی منظوری دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے پی سی ون متعلقہ محکموں کی جانب سے مکمل کئےجاچکے ہیں اور صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد سکیموں کی باضابطہ فہرست جاری کردی گئی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے ٹینڈرز کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور یہ کام سرکاری قوانین کے مطابق صرف اہل اور دیانتدار ٹھیکیداروں کو دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ہر محکمہ جاتی سربراہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصوبوں کو پی سی ون کے مطابق بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ ان منصوبوں کی براہ راست نگرانی کریں گے اور کسی بھی سکیم کے غیر معیاری یا تاخیر پر متعلقہ محکمے کے سربراہ جواب دہ ہوں گے۔