Live Updates

پنجاب تاریخ کے بڑے سیلاب سے نبرد آزما ،بھارت نے صرف دریائے ستلج میں فلڈ بارے اطلاع دی ،مون سون کے 9ویں سپیل میں دو روز مزید بارش کی پیشگوئی ہے، ڈی جی عرفان علی کاٹھیا

پیر 1 ستمبر 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب سے نبرد آزما ہے۔ مون سون کے 9ویں سپل میں اگلے دو روز مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں پی ڈی ایم اے کے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ڈی جی نے کہا کہ کوئی نیا ریلہ ہیڈ مرالہ میں داخل نہیں ہوا ، البتہ بارش کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 19فٹ تک پانی پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ تریموں پر وزیراعلی کو سیلابی پانی کی صورتحال پر بریفننگ دی گئی ہے کہ تریموں ہیڈ ورکس کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ ریواز برج توڑنے سے جھنگ اور دیگر علاقوں کو فائدہ ہوا ہے۔ڈی جی نے کہا کہ کل چناب کا ملتان میں پانی داخل ہوگا وہاں راوی کا پانی بھی ساتھ شامل ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سدھنائی کے مقام پر بڑے ریلے کے پیش نظر رات کو صفورہ کے مقام پر بریچ کرنا پڑ سکتا ہے جس کے انتظام مکمل ہیں۔

بریچ سے 14موضع جات اور 17ہزار ایکڑ متاثر ہونگے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کل ہیڈ محمد والا کے مقام پر کل چھ سے ساڑھے لاکھ کیوسک تک پانی کا ریلا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ہیڈ محمد والا کے حوالے سے اہم میٹنگ ملتان میں ہوچکی ہے اور اہم فیصلے کیے جاچکے ہیں۔ہیڈ محمد والا کے لیے اگر بریچنگ ہوئی تو 16 موضع جات متاثر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پنجند پر اندازہ ہے کہ اب پانچ ستمبر کو پانی اکٹھا ہوگا اور پہلے کے اندازوں سے کم ہوگا۔

۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ستلج کا پانی اس وقت سلیمانی اور ہیڈ اسلام کی جانب بڑھ رہا ہے،اہم اور بروقت فیصلوں کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈی جی نے کہا کہ ریسکیو اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کررہی ہے۔پنجاب میں 3100گاوں اور 2900موضع جات میں اب تک 24 لاکھ سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 390کیمپ اور ٹینٹ سٹی اسوقت ریلیف کے لئے قائم ہوچکے ہیں۔

اب تک 9 لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، سیلاب زدہ علاقوں سے 6لاکھ سے زائد جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جہاں لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ ان جانوروں کے لیے چارے اور ونڈے کا انتظام کررہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اب تک 41لوگ سیلاب سے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 8زخمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے صرف ستلج کے حوالے سے اطلاع دی گئی کسی اور دریا سے نئے ریلے کی اطلاع نہیں دی گئی ۔ مرالہ کے مقام پر اب کسی بڑے ریلیبکا امکان نہیں ہے، بارشوں کا پانی ضرور آئے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات