لاہور میں فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کیلئے سہولیات، کپڑوں کی تقسیم پر خصوصی توجہ

منگل 2 ستمبر 2025 16:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو خوراک، محفوظ رہائش، تعلیم اور کپڑوں سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ متاثرین کی دیکھ بھال اور سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز ریلیف کیمپس میں امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ریلیف کیمپس میں بچوں کیلئے دودھ جبکہ متاثرین کیلئے کپڑوں کی بر وقت تقسیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ متاثرین کو کپڑوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بچوں و بزرگوں کو ترجیحی بنیادوں پر امداد دی جائے۔سید موسی رضا نے کہا کہ متاثرین کو پناہ گاہ،ضروریات زندگی اور کپڑوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جبکہ کپڑوں کی تقسیم سمیت امدادی سرگرمیوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متاثرین کو معیاری امداد فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں۔