چیئرپرسن ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر سے ڈی آئی جی ایڈمن لاہور عمران کشور کی ملاقات

منگل 2 ستمبر 2025 16:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کے چیئرپرسن بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر سے ڈی آئی جی ایڈمن لاہور عمران کشور نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر چیئرمین الخیر گروپ شیخ سعید، ڈی جی ٹیوٹا لاہور عامر عزیز اور کالم نگار شاہد قادر بھی موجود تھے ۔ عمران کشور نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرنے کے ساتھ طلبہ سے ملاقات کے دوران انہیں سائبر کرائم اور دیگر جدید جرائم بارے آگاہی بھی فراہم کی ۔

ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور نے کہا کہ نوجوانوں کو جرائم سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے تعاون سے طلبہ کو انٹرن شپ کروائیں گے اور انہیں سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

عمران کشور نے ٹیوٹا میں لیکچر کے دوران ہاسپٹیلٹی سیکشن کو بہت کامیاب قرار دیا۔اس موقع پر چیئرپرسن بریگیڈیئر(ر) ساجد کھوکھر نے کہا کہ ہاسپٹیلٹی سیکشن کے 72طلبہ کو بغیر کسی فیس کے روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب بھجوایا گیا ہے جہاں فی طالب علم 1600 ریال تنخواہ لے گا ،ٹیوٹا کی یہ کاوش نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

بریگیڈیئر (ر) ساجد کھوکھر نے کہا کہ ٹیوٹا طلبہ کو جدید فنی تعلیم فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ، نوجوانوں کے لیے جدید اور معیاری فنی تعلیم کے مواقع بڑھانے کے سلسلے میں اہم اقدامات جاری ہیں۔کالم نگار شاہد قادر نے کہا کہ ٹیوٹا کا ادارہ بہترین کام کررہا اور طلبہ کی سکلز کو بہتر انداز میں نکھار رہا ہے ۔