یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام "رحمت اللعالمین ؐ" کے موضوع پر خطاطی کی نمائش کا انعقاد

منگل 2 ستمبر 2025 23:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیرِ اہتمام "رحمت اللعالمین ؐ" کے موضوع پر خطاطی کی نمائش منعقد ہوئی، جس کا مقصد حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات کو اُجاگر کرنا تھا تاکہ ان کےعالمگیر پیغامِ رحمت، امن، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بطورِ مہمانِ خصوصی کیا جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سروراعوان نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔

دونوں معزز مہمانوں نے فن پاروں کا جائزہ لیا اور طلبہ و فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اس لازوال اسلامی فن کے ذریعے عقیدت اور محبت کا خوبصورت اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

نمائش کی کیوریٹر نادیہ عباسی تھیں۔ اس میں 50 سے زائد فن پارے پیش کیے گئے جو 30 سے زیادہ مقامی فنکاروں، طلبہ، اساتذہ اور فارغ التحصیل طلبہ نے تخلیق کیے۔

ان میں معروف فنکارعمران پاشا، بشیر حیدر، شاہد محمود، سلیم بلا، ایم ایس خان، محمد طفیل اور روال بھٹی شامل تھے۔ خطاطی کے ان شاہکاروں میں قرآنی آیات اورسیرت النبی ﷺ سےماخوذموضوعات کو فنکارانہ مہارت اور روحانی عقیدت کے ساتھ پیش کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرقیصرعباس نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں بالخصوص نوجوان نسل کونبی کریم ﷺ کے آفاقی پیغامِ رحمت، برداشت اور رواداری کی یاد دہانی کراتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی خطاطی نہ صرف ہمارے ثقافتی اور روحانی ورثے کا گہرا اظہار ہے بلکہ یہ قلوب کو پیغامِ الٰہی سے جوڑنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن مریم سیف، فیکلٹی ممبران، سربراہانِ شعبہ جات اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :