سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ورکرز ویلفیئر گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

منگل 2 ستمبر 2025 23:18

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی)کی جانب سے ڈسٹرکٹ لیبر آفس سیالکوٹ کے تعاون سے ورکرز ویلفیئر گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب 2 ستمبر 2025 کو ایس سی سی آئی کے شیخ محمد شفیع ہال میں منعقد ہوئی۔اس تقریب کی صدارت صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اکرام الحق نے کی ،جس میں قانون سازوں، صنعتکاروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس تقریب میں اہل کارکنوں کے خاندانوں میں کل 359 چیکس تقسیم کیے گئے جن میں 65 ڈیتھ گرانٹس اور 294 میرج گرانٹس کے چیک شامل تھے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس سی سی آئی کے صدر اکرام الحق نے سیالکوٹ کی برآمدات پر مبنی صنعتوں کی کامیابی میں کارکنوں کے ناگزیر کردار پر روشنی ڈالی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سیالکوٹ چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزدوروں اور آجروں دونوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے متوازن نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔اراکین صوبائی اسمبلی نے بطور مہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کی۔ رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) چوہدری طارق سبحانی نے مزدوروں، آجروں اور حکومت کے درمیان پل کے طور پر چیمبر کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ تمام زیر التواء ویلفیئر کیسز کو جلد نمٹا یا جائے گا۔

سینئر لیگی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےسیالکوٹ کی معاشی کامیابی کے حقیقی معمار کے طور پر محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لیبر کالونیوں اور اضافی فلاحی اقدامات کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے بھی اظہار خیال کیا اور سیالکوٹ میں آجروں اور کارکنوں کے درمیان باہمی احترام کے منفرد رشتے کی تعریف کی۔

انہوں نے مزدور اور صنعت دونوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متوازن پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا۔لیبر قوانین کی ڈیپارٹمنٹل کمیٹی کے چیئرمین عمار فیصل الاسد نے فلاحی اقدامات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر ہاؤسنگ، صحت کی دیکھ بھال ، تعلیم اور طویل عرصے سے زیر التوا مقدمات کو نمٹانے میں سیالکوٹ چیمبر اور حکومت کے کردار کا اعتراف کیا۔تقریب کا اختتام خصوصی مہمانوں کی طرف سے چیکس کی تقسیم کے ساتھ ہوا، جنہوں نے مستحقین کے اہل خانہ سے ذاتی طور پر ملاقات بھی کی۔اس تقریب نے آجروں، کارکنوں اور حکومت کے درمیان یکجہتی کے جذبے کی عکاسی کی اور سیالکوٹ کی جانب سے کارکنوں کے ساتھ پیشرفت میں شراکت دار کے طور پر برتاؤ کرنے کی روایت کی تصدیق کی۔