Live Updates

سیلاب کے دوران ریسکیو آپریشن میں 1800سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور 21افراد جاں بحق ہوئے،پریس ریلیز

منگل 2 ستمبر 2025 17:53

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال کے بارے میں پریس ریلیز جاری کردی ،سیلاب کے دوران ریسکیو آپریشن میں 1800سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور 21افراد جاں بحق ہوئے۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122سیالکوٹ کی جاری پریس ریلیزکے مطابق دوران سیلاب ریسکیو آپریشن میں ضلع سیالکوٹ سے 1800سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور 21افراد جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو1122سیالکوٹ دوران سیلاب الرٹ رہا اور ضلع بھر میں مسلسل 5روز ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ سیکٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد کی زیر نگرانی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے بطور انسیڈنٹ کمانڈر ریسکیو آپریشن کو لیڈ کیا، ضلع بھر کا ایمرجنسی کوریج پلان جاری کیا گیا اور وارننگ جاری ہونے سے پہلے ہی ریسکیوٹیمیں تمام 9سیکٹرز پر بمعہ کشتیاں اور سیلاب سے نمبرد آزما ہونے والے آلات پہنچا دیے گئے۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز کے مطابق سیکٹر چپراڈ، سید پور، مرالہ، تحصیل پسرور میں چہور، کالووالی، تحصیل سمبڑیال میں شہباز پور، رندھیر باگڑیاں میں ٹیمیں آپریشنل کر دی گئیں، بعدازاں سیلاب میں پھنسے افراد کو بروقت ریسکیو کرنے کے لیے بجوات کے علاقہ کوجہ چک، تحصیل سمبڑیال میں چھنی گوندل، ماجرکلاں، خاصہ اور تحصیل ڈسکہ میں سئیوکی کے مقام پر کوٹ داسو، پیر کہو میں بھی ریسکیو فلڈ سیکٹر ز کا قیام کر دیا گیا تاکہ لوگوں کو بروقت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔

ریسکیو 1122نے ریسکیو آپریشن میں نا صرف سیلاب میں پھنسے 1800سے زائد لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا بلکہ ان کے قیمتی جانوروں اور املاک کو بھی نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا اور سیلابی پانی کے ریلے میں بہہ کرجاں بحق ہونے والے21افراد کی نعشوں کو نکال کر لواحقین کے سپرد کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئرنوید اقبال کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران 150سے زائد ریسکیو رز اور100سے زائد ریسکیو رضاکاروں نے ریسکیو و ریلیف کی سرگرمیوں میں حصہ لیا، آپریشن میں 34ریسکیو کشتیوں نے حصہ لیا جن میں جان بچانے والا سامان310 لائف جیکٹس، 78لائف بوائے، رسیاں اور ابتدائی طبی امداد کے بیگ موجود تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیورز نے نا صرف لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا بلکہ بعدازاں ضلعی انتظامیہ اورفلاحی اداروں کے ساتھ ملکر لوگوں میں خوارک و راشن بھی تقسیم کیا۔ انہوں نے تمام فلاحی اداروں کا اس مشکل گھڑی میں عوام کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریسکیو1122 مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے مشن میں پیش پیش رہے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات