Live Updates

خیبر،سیلاب متاثرین کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، سہیل آفریدی

منگل 2 ستمبر 2025 17:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ اور تحصیل جمرود کےحالیہ بارش و سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مواصلات و تعمیرات اور لوکل گورنمنٹ کے محکموں کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔معاونِ خصوصی نے مختلف متاثرہ علاقوں میں عوام سے ملاقاتیں کیں۔

متاثرین کی شکایات و مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔تمام امدادی اداروں کو قریبی رابطہ اور تعاون کے ساتھ بحالی کے عمل کو تیز کرناہوگا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی محمد سہیل آفریدی نے تحصیل جمرود میں اسسٹنٹ کمشنر فہد ضیا سے بھی سیلابی صورتحال پر گفتگو کی۔

اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وی سی سیکرٹریز اور مقامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں نقصانات کی جامع رپورٹ تیار کریں تاکہ متاثرہ مکانات، تعلیمی اداروں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کی جا سکے۔ بعد ازاں معاونِ خصوصی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول شلوبر باڑہ لطیف کلے کا بھی دورہ کیا جو حالیہ شدید بارش کے باعث منہدم ہو گیا تھا۔ معاون خصوصی محمد سہیل آفریدی نے سکول انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ سکول کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا تاکہ طالبات کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی مسائل کے حل اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :