مردان پولیس کی ماہِ اگست میں شاندار کارکردگی 234 مجرمان اشتہاری گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ و منشیات برآمد

منگل 2 ستمبر 2025 17:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی کی قیادت میں مردان پولیس نے ماہ اگست 2025 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔مردان پولیس تر جمان کے مطابق اس دوران 234 مجرمان اشتہاری اور سینکڑوں منشیات فروش گرفتار کیے گئے جبکہ اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ بھی برآمد ہوئی۔

پولیس کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے 55 کلاشنکوف، 13 کالاکوف، 28 رائفل، 50 شارٹ گن، 742 پستول اور 9,475 کارتوس برآمد کیے گئے۔ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں 164.793 کلوگرام چرس، 3.011 کلوگرام ہیروئن، 41.687 کلوگرام آئس اور 5.5 لیٹر شراب ضبط کی گئی۔ ڈی پی او مردان کے مطابق، جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کی گئیں جبکہ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور ناقص سیکیورٹی رکھنے والوں کے خلاف قانونی اقدامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسی دوران، مردان پولیس کو مختلف علاقوں میں 4 پولیس مقابلوں کا سامنا بھی کرنا پڑا، جن میں پولیس کو مطلوب 04 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، سوشل میڈیا پر نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز شیئر کرنے والے 10 سے زائد ٹک ٹاکرز کو بھی گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مردان پولیس نے واضح کیا ہے کہ جرائم کے خاتمے، سماجی برائیوں کے سدباب اور امن و امان کی بحالی کے لیے یہ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔