لکی مروت‘ فتنة الخوارج کا اسکول پر حملہ، تعلیم دشمنی کا مکروہ چہرہ بے نقاب

منگل 2 ستمبر 2025 22:00

لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) فتنتہ الخوارج انسانیت کے ہی نہیں تعلیم کے بھی دشمن ہیں ، 30 اگست کو دہشتگرد گروہ فتنتہ الخوارج نے لکی مروت کے گاؤں ونڈا زاہد گل میں قائم ایک پرائمری اسکول کو نشانہ بناتے ہوئے دیسی ساختہ بم دھماکہ کیا، جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ تعلیم، امن، اور مقامی ترقی کے خلاف واضح پیغام ہے۔

فتنتہ الخوارج کا یہ بزدلانہ اور سفاکانہ اقدام نہ صرف علم دشمنی کا ثبوت ہے بلکہ معصوم بچوں اور عام شہریوں کے خلاف مسلسل دشمنی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ مذہب اور قبائلی روایات کے نام پر فتنہ پھیلانے والے عناصر ایک بار پھر بے نقاب ہو چکے ہیں، جو دراصل جہالت، خوف اور پسماندگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوارج کی ان کارروائیوں کا مقصد مقامی شہری ڈھانچے کو تباہ کر کے علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور ترقی کے عمل کو روکنا ہے۔

تاہم، ریاست اور مقامی عوام کے مضبوط تعاون سے نہ صرف ان کے تمام منصوبے ناکام بنائے جائیں گے بلکہ متاثرہ تعلیمی اداروں کو ازسرِ نو تعمیر کیا جائے گا۔ریاستی اداروں نے واضح کیا ہے کہ تعلیم اور امن کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ لکی مروت کے عوام اب ان دہشتگرد عناصر کو پہچان چکے ہیں، جو بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر چل کر نہ دین کے وفادار ہیں اور نہ قوم کے خیرخواہ ہیں ۔ سیکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کے باہمی تعاون سے فتنتہ الخوارج کی شکست یقینی ہے، اور ان کے پھیلائے گئے جھوٹے بیانیے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکیں گے۔