کراچی ایجوکیشن سٹی کی تعمیرات کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحول دوست بنایا جائے،سید قاسم نوید قمر

منگل 2 ستمبر 2025 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) کراچی ایجوکیشن سٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس وزیرِ اعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر اورچیئرمین ایجوکیشن سٹی بورڈ ڈاکٹر عاصم حسین کی صدارت میں کراچی ایجوکیشن سٹی کے دفترمیں منعقد ہوا،جس میں ڈاکٹر عاصم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

منگل کے روز پراجیکٹ ڈائریکٹر کراچی ایجوکیشن سٹی ابرار شیخ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے گزشتہ اجلاس کے منٹس پڑھ کر سنائے اور ایجنڈہ کے نئے نکات منظوری کیلئے پیش کئے۔اجلاس میں سید قاسم نوید قمر نے ہدایات دیں کہ ایجوکیشن سٹی کی تعمیرات کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحول دوست بنایا جائے۔ اجلاس میں کنسلٹنٹ نے نقشوں اور تصاویر کی مدد سے کراچی ایجوکیشن سٹی کے تعمیراتی کام کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ فاسٹ انسٹیٹیوٹ نے کراچی ایجوکیشن سٹی میں نامور بین الاقوامی آئی ٹی اداروں گوگل اور ایپل کے ساتھ مل کر اپنے تعمیراتی کام کے سائٹ پلان کیلئے بورڈ سے منظوری کی درخواست کی ہے، جس پر بورڈ نے گوگل اور ایپل کی شرکت کو لازمی شامل کرنے کی شرط کے ساتھ منظوری دیتے ہوئے تیزی سے پیش رفت پر زور دیاہے۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کراچی ایجوکیشن سٹی بورڈ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ سندھ حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے کراچی ایجوکیشن سٹی کو ایک مثالی تعلیمی شہر بنانا چاہتی ہے۔