کالا باغ ڈیم کا منصوبہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکا ،منصوبے پر مزید بات کی گنجائش نہیں ،انجینئر زمرک خان اچکزئی

منگل 2 ستمبر 2025 19:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے کالا باغ ڈیم کے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ ہمیشہ کے لیے دفن ہوچکا ہے اور اس منصوبے پر مزید بات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ہم کالاباغ ڈیم کی مخالفت جذبات میں نہیں بلکہ ٹھوس دلائل اور اداروں کے اپنے ہی اعداد و شمار کی بنیاد پر کرتے ہیں جب بات دلیل سے ہوگی تو ہم یہ ثابت کریں گے کہ یہ منصوبہ ہمارے لیے نقصان دہ ہے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کے بجائے پانی کے مستقل حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس ایسا کوئی پروگرام نہیں ہے تو ہم تیار ہیں کہ ایک قابلِ عمل اور شفاف منصوبہ پیش کریں لیکن اس منصوبے میں کمیشن، کک بیکس یا کسی کے ذاتی مفادات شامل نہیں ہوں گے اس میں ہماری زمینیں ڈبونے کے بجائے ہمارے اپنے وسائل پر اختیار ہوگا، تاکہ پہلے ہمارے جنوبی اضلاع سرسبز ہوں، نہ کہ ہماری بربادی کے بدلے چولستان کی زمینیں آباد کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر اپنے وسائل پر اختیار اور اپنے علاقوں کی خوشحالی کا مطالبہ کرنا غداری ہے تو ہم یہ "غداری" سو بار قبول کرتے ہیں، کیونکہ اصل وطن دوستی یہی ہے کہ اپنی قوم اور اپنے خطے کے حقوق کی حفاظت کی جائے۔