Live Updates

سندس فاونڈیشن کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرین کی مدد کیلئے قائم طبی کیمپس پر ادویات، خوراک و امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے ، ترجمان

منگل 2 ستمبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) سندس فاونڈیشن کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرین کی مدد کیلئے مختلف شہروں میں قائم طبی کیمپس پر ادویات، خوراک اور ضروری سامان کی فراہمی جاری ہے۔ترجمان کے مطابق حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے سندس فاونڈیشن نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ہنگامی بنیادوں پر طبی و امدادی کیمپس قائم کیے جن کے دوران ہزاروں متاثرہ مریضوں کا علاج کیا گیا اور متاثرہ خاندانوں کو ادویات، خوراک اور ضروری سامان فراہم کیا گیا۔

سندس فاونڈیشن کی جانب سے ضلع قصور کے علاقے کنگن پور میں دو روزہ میڈیکل کیمپ کے دوران 3ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔ اسی طرح لاہور کے علاقے چونگ میں سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جہاں پانچ سو سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور انہیں ادویات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

کیمپس میں ماہر ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ عملے نے بخار، ہیضہ، جلدی امراض اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے لیے ادویات فراہم کیں جبکہ بچوں اور خواتین کیلئے ہائی جین کٹس بھی فراہم کی گئیں۔

اس حوالے سے بانی و صدر سندس فاونڈیشن محمد یاسین خان نے کہا کہ یہ تمام کیمپس متاثرہ عوام کی زندگیاں سہارا دینے اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے منعقد کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں قائم سندس فاونڈیشن کے مراکز مسلسل سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں اور مستقبل میں بھی اس جذبے کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے جبکہ خوراک اور کپڑوں کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات