سپین کی ٹریول کمپنی نے اسرائیلی یہودی بستیوں میں قائم ہوٹلوں کے لیے سروسز بند کر دیں

بدھ 3 ستمبر 2025 10:40

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) سپین سے تعلق رکھنے والی ٹریول کمپنی ڈریمز اوڈیگیونے اسرائیلی یہودی بستیوں میں قائم ہوٹلوں کے لیے سروسز بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔العربیہ اردو کے مطابق کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر ڈیوڈ ایلی زاگا نے بتایا کہ کمپنی نے ہمیشہ سے یہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے کہ وہ غیر قانونی یہودی بستیوں میں ہوٹلوں کے لیے سروسز فراہم نہیں کرے گی۔

جو اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تعمیر کر رکھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کچھ نام خود کار نظام کے تحت خود ویب سائٹ پر آجاتے ہیں کہ جو لوگوں کی طرف سے ویب سائٹ پر ڈالے گئے ہیں۔یہ مسئلہ جولائی کے دوران سالانہ جنرل باڈی میٹنگ میں سامنے آیا تھا،جس کے بعد فلسطینیوں کے حقوق اور آزادی کے حامیوں نے کمپنی کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ ایلی زاگا نے کہا کہ کمپنی نے غیر قانونی بستیوں میں پیش کیے گئے اپارٹمنٹس اور ہوٹلوں کو فلٹر کرنے کے لیے لوکیشن سکریننگ کو فعال کیا ہے۔ نیز اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کے ساتھ بھی رابطے میں ہے، تاکہ دوبارہ سے یہ غلطی نہ ہو کہ یہودی بستیوں میں قائم ہوٹلوں کے نام ہماری ویب سائٹ پر ہوں۔ایک سوال پر ایلی زاگا نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کام کی رفتار اسے حاصل وسائل اور دسترس کی بنیاد پر ہے۔

لیکن اس کے باوجود یہودی بستیوں کے ہوٹلوں کے نام ہماری فہرست میں شامل نہیں ہوں گے۔ ایلی زاگا نےکہا کہ رپورٹ کے اگلے ایڈیشن میں ہم توقع کرتے ہیں کہ اس میں ہماری کمپنی کا نام شامل نہیں ہو گا ۔ادھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا کہ رپورٹ 29 ستمبر کو باضابطہ طور پر پیش کیے جانے سے چند روز پہلے اپ ڈیٹ کر دی جائے گی۔