فیصل آباد میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا

عبادت گاہوں کے گردو نواح میں سر چ آپریشنز اور ناکہ بندی پوائنٹس قائم کر کے اسنیپ چیکنگ عمل میں لائی جائے گی

بدھ 3 ستمبر 2025 11:20

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) فیصل آباد میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا، آرپی او فیصل آباد نے فول پروف سکیورٹی کے احکامات جاری کردئیے۔ منگل کو ترجمان پولیس رضوان بھٹی نے بتایا کہ آرپی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ریجن بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کئے ہیں۔

سی پی او فیصل آباد،ڈی پی اوز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو عیدمیلادالنبی ﷺکے سلسلہ میں سکیورٹی فول پر وف بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اس حوالے سے فیصل آباد میں 233جلوس اور 31 محافل میلاد مصطفی ﷺ منعقد ہونگی۔جلوسوں اور محافل کی فول پروف سکیورٹی کیلئے 5000 ہزار کے قریب پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے ضلعی سربراہان کو احکامات جا ری کر تے ہوئے کہاکہ اپنے اپنے ضلع میں سکیورٹی اقدامات کا ازسر نو جائزہ لیں، مساجد،مدارس،امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے گردونواح میں سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔

عبادت گاہوں کے منتظمین کے ساتھ کوارڈ نیشن موثر بنا ئی جائے اور والنٹیرزکی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔عبادت گاہوں کے گردو نواح میں سر چ آپریشنز اور ناکہ بندی پوائنٹس قائم کر کے اسنیپ چیکنگ عمل میں لائی جائے۔ عیدمیلادالنبی ﷺ کے پر وگراموں کے سلسلہ میں جملہ انٹیلی جنس ایجنسیوں سے روابط کو موثر بنا یا جائے۔ آر پی او فیصل آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ جلوسوں اور محافل ہائے میں نظم و ضبط اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

آرپی او فیصل آباد نے چاروں ضلعی سربراہان کو سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا بذات خود جائزہ لینے اور عیدمیلادالنبی ﷺ کے پر وگراموں کو خود مانیٹر کر نے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ شرپسندعناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا یا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :