حاجی میر عبیداللہ گورگیج کا سریاب روڈ پر ہونے والے افسوسناک دھماکے کی مذمت

بدھ 3 ستمبر 2025 12:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی پی بی44 حاجی میر عبیداللہ گورگیج نے سریاب روڈ پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ان بزدلانہ واقعات کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، مگر دشمن کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ افسوس اور ناقابلِ قبول عمل ہے، ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔حاجی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے یہ واقعات ہمارے حوصلے کو پست نہیں کر سکتے بلکہ پوری قوم اس چیلنج کے مقابلے کے لیے مزید یکجا ہو رہی ہے۔